بیدر یکم /جنوری(نامہ نگار) جناب محمد شعیب الدین ڈسٹرکٹ پریسیڈنٹ SYM بیدرنے ایک پریس نوٹ جاری کرکے بتایاہے کہ صالیڈارٹی یوتھ موومنٹ کرناٹک کے ریاستی صدر ڈاکٹر نسیم احمد نے حکومتِ کرناٹک سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ ریاست میں فوری طور پر یوتھ کمیشن قائم کیا جائے، تاکہ نوجوانوں کو درپیش تعلیمی، معاشی، سماجی، ذہنی صحت اور روزگار سے متعلق مسائل کا مؤثر اور ادارہ جاتی حل ممکن بنایا جا سکے۔ڈاکٹر نسیم احمد نے کہا کہ ملک کی متعدد ریاستوں میں یوتھ کمیشن پہلے ہی کامیابی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جن میں کیرالا، آسام، میزورم اور بہار شامل ہیں۔ ان ریاستوں کے تجربات سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یوتھ کمیشن نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ، پالیسی سازی، اسکل ڈیولپمنٹ، روزگار، نشہ مخالف اقدامات اور ذہنی صحت جیسے اہم شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے برعکس، کرناٹک میں اب تک یوتھ کمیشن کا قیام نہ ہونا افسوسناک اور نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ موجودہ حکومت نے 2023 کے اسمبلی انتخابات کے دوران ریاست میں یوتھ کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ Solidarity Youth Movement Karnataka کا مطالبہ ہے کہ حکومت اپنے انتخابی وعدے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے فوری طور پر یوتھ کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔ڈاکٹر نسیم احمد کے مطابق، کرناٹک میں نوجوانوں کی آبادی دو کروڑ سے زائد ہے اور آج نوجوان بے روزگاری، تعلیمی عدم مساوات، منشیات کے بڑھتے رجحان، ذہنی دباؤ، خودکشیوں کے تشویشناک واقعات، اور سیاسی و سماجی نمائندگی کی کمی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ ان مسائل کے مستقل حل کے لیے ایک بااختیار، خودمختار اور جوابدہ یوتھ کمیشن ناگزیر ہے، جو ریاستی یوتھ پالیسی کے اہداف کے مطابق کام کرے.انہوں نے واضح کیا کہ مجوزہ یوتھ کمیشن کو مندرجہ ذیل اختیارات اور ذمہ داریاں دی جانی چاہئیں:نوجوانوں کے حقوق کے تحفظ اور خلاف ورزیوں کی جانچ(۲)تعلیم، روزگار، اسکل ڈیولپمنٹ اور انٹرپرینیورشپ سے متعلق سفارشات(۳)ذہنی صحت، نشہ مخالف اقدامات اور سماجی برائیوں کے خلاف مؤثر حکمتِ عملی(۴)نوجوانوں کی شکایات کے ازالے کے لیے باقاعدہ اور شفاف نظام(۵)نوجوانوں کی سیاسی و سماجی قیادت کو فروغ دینے کے اقدامات(۶)ریاستی سطح کے منتخب اداروں (اسمبلی/کونسل) اور مختلف نامزد اداروں میں نوجوانوں کی نمائندگی کو یقینی بنانا، نیز کارپوریشنز، بورڈز، کمیٹیوں اور دیگر سرکاری باڈیز میں مناسب یوتھ ریپریزنٹیشن کے لیے واضح سفارشات اور میکانزم۔ ڈاکٹر نسیم احمد نے اعلان کیا کہ اس مطالبے کو مضبوط انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ہم پوری طرح تیارہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ، کابینہ کے اراکین اور اراکینِ اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے اور ریاست کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے یوتھ کمیشن کے قیام کا فوری اعلان کریں
Post Views: 6