مادری زبان کی اہمیت اور فاصلاتی تعلیم کے کردار پر یک روزہ ورکشاپحیدرآباد، 18 ستمبر (Patriotic Views)
گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن، حسینی علم، حیدرآباد میں ’’مادری زبان کی اہمیت اور ضرورت: قوموں کو بااختیار بنانے میں فاصلاتی تعلیم کا کردار‘‘ کے عنوان سے یک روزہ ورکشاپ منعقد کی جارہی ہے۔ یہ پروگرام بروز ہفتہ 20 ستمبر 2025 کو لرنر سپورٹ سنٹر (19190)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے اشتراک سے کالج کے خورشید جاہ سیمینار ہال میں صبح 10 بجے منعقد ہوگا۔
اس موقع پر پروفیسر محمد رضا اللہ خان، ڈائریکٹر سنٹر فار ڈسٹنس اینڈ آن لائن ایجوکیشن، مانو بطور چیف گیسٹ شریک ہوں گے۔ پروفیسر سید فضل اللہ مکرم، صدر شعبہ اردو، یونیورسٹی آف حیدرآباد کو ڈسٹنگوشڈ گیسٹ کی حیثیت سے مدعو کیا گیا ہے۔ جبکہ گیسٹ آف آنر میں ڈاکٹر شمس الدین انصاری، ریجنل ڈائریکٹر، مانو سب ریجنل سنٹر، حیدرآباد اور ڈاکٹر وائی۔ وینکٹیشورلو، ڈائریکٹر ایل ایس ایس بی، ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر اوپن یونیورسٹی، جوبلی ہلز شامل ہیں۔
ورکشاپ کی صدارت پروفیسر سی ایچ اپیا چننما، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن، حسینی علم فرمائیں گی، جبکہ ڈاکٹر کے شوبھا رانی، ایسوسی ایٹ پروفیسر معاشیات، آرگنائزنگ سیکریٹری اور ڈاکٹر محمد غوث، صدر شعبہ پولیٹیکل سائنس و کوآرڈینیٹر ایل ایس سی، مانو کنوینر کے فرائض انجام دیں گے۔
ماہرین تعلیم ورکشاپ میں مادری زبان کے فروغ، فاصلاتی تعلیم کی اہمیت اور طلبہ کی علمی و عملی ترقی پر اظہار خیال کریں گے۔ مزید براں، مانو کی جانب سے بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں مختلف فاصلاتی اور ریگولر کورسز کے داخلے جاری ہیں، اور طلبہ ڈپلومہ، گریجویشن، پوسٹ گریجویشن اور پروفیشنل کورسز میں داخلہ لے کر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































